Sunday, September 8, 2024

نگراں وزیراعظم نے بچوں کی زندگیاں بچانے والوں کو تعریفی اسناد سے نوازا

نگراں وزیراعظم نے بچوں کی زندگیاں بچانے والوں کو تعریفی اسناد سے نوازا
August 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ۔ بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں کئی گھنٹے چیئرلفٹ میں پھنسے رہنے والے افراد بھی شریک ہوئے، نگران وزیراعظم نے آپریشن میں حصہ لینے والوں کو اعزازی اسناد سے نوازا۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چیئرلفٹ پھنسنے کی خبر سے پاکستان کے کروڑوں لوگ پریشان تھے، چیئرلفٹ میں بچے دیکھ کر بار بار اپنے بیٹے نور الحق کا چہرہ سامنے آتا رہا، ریسکیو آپریشن میں کوئی کوتاہی ہوجاتی تو بہت بڑا نقصان ہوتا۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو افراد چیئرلفٹ میں پھنسے انہوں نے بتایا کہ پہلے وہ سہمے ہوئے تھے لیکن پھر پاک فوج کو دیکھ کر ان کا ڈر ختم ہوگیا، یہ آپریشن کسی کا کریڈٹ نہیں، اللہ نے ہماری اجتماعی کاوشوں کو دیکھ کر ان افراد کو زندگی بخشی ہے۔

اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا، نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کو پاکستان کے بیرونی تعلقات، وزارت خارجہ کی کارگزاری، دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے حالیہ کوششوں بارے بریف کیا گیا۔

وزیر اعظم نے خارجہ پالیسی کے ترجیحی شعبوں میں فیصلوں پر عمل درآمد کو آسان بنانے کے لیے وزارت خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے کی خواہش کا اظہار کیا۔