Saturday, July 27, 2024

ہنگامی اجلاس بجلی بلوں کے ستائے عوام کو فوری ریلیف نہ مل سکا

ہنگامی اجلاس بجلی بلوں کے ستائے عوام کو فوری ریلیف نہ مل سکا
August 27, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ۔ نگران وزیر اعظم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں بجلی بلوں کے ستائے عوام کو فوری ریلیف دینے سے متعلق فیصلہ نہ ہوسکا۔

نگران وزیر اعظم انوارالحق کا کڑ کی زیر صدارت آج ہونیوالا اجلاس ختم ہوگیا، کل پھر طلب کر لیا۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزارت توانائی کے حکام نے وزیر اعظم کو بجلی کے بلوں پر بریفنگ دی، حکام وزارت توانائی کے مطابق بجلی کے ٹیرف کا تعین نیپرا کرتا ہے۔ پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل ہوتا ہے۔ ڈومیسٹک صارفین کیلئے اوسط ٹیرف میں 3.82 روپے کا اضافہ ہوا، جولائی 2022 میں زیادہ سے زیادہ بجلی کا ٹیرف 31 روپے فی یونٹ تھا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گفتگو میں کہا کہ ایسا ممکن نہیں عام آدمی مشکل میں ہو، اور افسر شاہی، وزیر اعظم ان کے ٹیکس پر مفت بجلی استعمال کریںِ جلد بازی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔

انوار الحق کاکڑ بولے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے زائد بلوں میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات مرتب کرکے پیش کئے جائیں۔ مفت بجلی حاصل کرنے والے افسران اور اداروں کی مکمل تفصیل فراہم کی جائیں۔ وزیر اعظم ہاؤس اور پاک سیکرٹریٹ میں بجلی کا خرچہ کم سے کم کیا جائے۔ اگر میرے کمرے کا اے سی بند کرنا پڑے تو بے شک بند کر دیں۔