Monday, September 16, 2024

نگراں وزیراعظم کا تقرر، وزیراعظم اور راجہ ریاض میں پہلے مشاورتی دور میں ناموں کا تبادلہ

نگراں وزیراعظم کا تقرر، وزیراعظم اور راجہ ریاض میں پہلے مشاورتی دور میں ناموں کا تبادلہ
August 10, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نگراں وزیراعظم کیلئے مشاورت کا آغاز ہوگیا، وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزبِ اختلاف راجہ ریاض کی ملاقات ہوئی،مشاورت کے پہلے دور میں ناموں کا تبادلہ ہوا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر کو مشاورت کیلئے ملاقات کی دعوت دی، راجہ ریاض ملاقات کے وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔

نگران وزیرِاعظم کے تقرر پر وزیراعظم شہباز شریف سے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی پہلی ملاقات میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، دونوں طرف سے تین، تین ناموں کا تبادلہ کیا گیا۔

وزیرِاعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیرِاعظم اور قائد حزبِ اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا، تاہم فیصلہ کیا گیا مزید سوچ بچار کے بعد کل دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کے تجویز کردہ ناموں پر اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کیلئے دیگر ناموں کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا نام بھی سامنے آیا ہے۔