Monday, September 16, 2024

نگران وزیراعظم کا امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے عزم کا اظہار

نگران وزیراعظم کا امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے عزم کا اظہار
August 26, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے، ہم نے ملکر عالمی امن کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے گفتگو میں نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 200 برسوں میں امریکا نے زبردست ترقی کی، باقی ملکوں کیلئے امریکی ترقی سیکھنے کے مواقع ہیں، امریکا کے ساتھ ملکر پاکستان نے طویل جنگ لڑی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا سے قریبی تعاون ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہمارے وسائل اور اخراجات میں توازن نہ ہونا ہے۔

انوار الحق کاکٹر نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم آئی ایم ایف کو ایک دشمن کے طور پر کیوں پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی آئینی طریقے سے عمل میں آئی، جمہوری عمل کا ارتقا ہو رہا ہے، جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، جمہوریت اور عددی بنیاد پر آمریت میں فرق جاننا ضروری ہے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں، پاکستانی عوام میں موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت ہے۔