اسلام آباد (92 نیوز) - نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر جا کر خار باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن پر خود کش حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر آمد ہوئی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور سینیٹر سرفراز بگٹی بھی نگراں وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فضل الرحمان سے باجوڑ دھماکے پر اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ملک میں دہشت گردی کی روک تھام اور امن او امان کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائیں گے۔
نگراں وزیرِ اعظم نے حملے میں جاں بحق ہونے والے کارکنوں کیلئے فاتحہ کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔