Sunday, September 8, 2024

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ
August 15, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت تیز کرتے ہوئے مختصر ٹیم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم نے رفقا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے، لوگوں کو تکلیف ہو نہ ہی اخراجات زیادہ ہوں۔ نگران وزرا کے ناموں پر غور بھی جاری ہے، جلیل عباس جیلانی، شعیب سڈل، عبد الحفیظ شیخ، احسن بھون، سرفراز بگٹی اور ذوالفقار چیمہ کے نام زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن نے نگران وزیراعظم کو وزارتوں کے سیکرٹریز اور محکموں کے سربراہان کی فہرست پیش کر دی، نگران وزیراعظم کی جانب سے الیکشن سے قبل بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے۔

ادھر وزارتوں اور ماتحت محکموں کی ویب سائٹس سے سابق وزیراعظم شہباز شریف کی تصویر ہٹا کر وزارتوں اور ڈویژنز کی ویب سائٹس پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تصویر آویزاں کر دی گئی ہیں۔

دوسری طرف نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سابق وزیراعلیٰ جام کمال اور علی مردان ڈومکی نے ملاقات۔گورنر گلگت بلتستان بھی نگران وزیراعظم سے ملے۔ ملاقاتوں میں نگران وزیراعظم کو مبارک باد پیش کی گئی۔