لاہور (92 نیوز) - نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ایک روزہ دورے پر گوجرانوالہ پہنچ گئے، پنجاب کابینہ کے ہمراہ گوجرانوالہ یونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھا، فلیگ شپ پراجیکٹ ایکسپریس وے موٹر وے لنک روڈ پرترقیاتی کاموں کامعائنہ کیا۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی ایک روزہ دورے پر گوجرانوالہ پہنچ گئے، وہ بذریعہ ہیلی کا پٹر قائد اعظم پبلک اسکول پہنچے۔
محسن نقوی نے ایمن آباد موٹروے لنک روڈ اور گوجرانوالہ میڈیکل کالج کا دورہ کیا۔ انہوں نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ گوجرانوالہ یونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھا۔
نگران وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر کو یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کی تعمیر کے پراجیکٹ کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایک سال کے اندر یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز ہو جائے گا۔ انہیں بریفنگ دی گئی کہ یونیورسٹی آف گوجرانوالہ 961کنال پر محیط ہوگی، یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے قیام کے لیے 5 ارب 61 کروڑ 13 لاکھ سے زائد کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ گوجرانوالہ میں فلیگ شپ پراجیکٹ ایکسپریس وے موٹروے لنک روڈ کا دورہ کیا، محسن نقوی نے مختلف مقامات پر منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، انہوں نے مزدوروں سے مصافحہ کیا اور محنت سے کام کرنے پر انہیں شاباش دی۔
نگران وزیر اعلیٰ نے لاہور،سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے 15.2 کلومیٹر طویل دو رویہ کیرج وے کے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔