Saturday, July 27, 2024

نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی، بلوچستان عوامی پارٹی نے تین نام فائنل کردیئے

نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی، بلوچستان عوامی پارٹی نے تین نام فائنل کردیئے
August 10, 2023 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی نے تین نام فائنل کردیئے، بی اے پی نے کہدہ بابر، اعجاز سنجرانی اور نصیر بزنجو کے نام تجویز کیے۔

بلوچستان اسمبلی کو بھی وقت سے پہلے تحلیل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، اسمبلی کی آئینی مدت 13 اگست کو پوری ہو رہی ہے، بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے حکومت اور حزب اختلاف کی جانب سے مختلف نام بھی سامنے آگئے۔

نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے نام تجویز کیے، وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اسلام آباد سے واپسی پر فوری طور پر نگران وزیر اعلیٰ کیلئے سامنے آنے والے ناموں پر حتمی مشاورت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے پارٹی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد اپوزیشن لیڈر کو نام بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حزب اختلاف کی طرف سے بھی تین نام سامنے آئے ہیں، جن میں جے یو آئی نے عثمان بادینی، بی این پی نے حمل کلمتی کا نام تجویز کیا ہے، سابق سینئر بیوروکریٹ شبیر مینگل کا نام بھی زیرگردش ہے۔

دوسری جانب عثمان بادینی کی حمایت کیلئے فضل الرحمان کا اختر مینگل سے رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اختر مینگل نے پارٹی سے مشورے کیلئے وقت مانگ لیا۔

مکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے تقرر کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس ہی جائے گا۔