Sunday, September 8, 2024

نگران وزیر اعظم سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ملاقات، صوبے کے امور پر تبادلہ خیال

نگران وزیر اعظم سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ملاقات، صوبے کے امور پر تبادلہ خیال
October 15, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نگران وزیراعظم سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ملاقات ہوئی، صوبے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اٹلی کے سفیر نے بھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر اعلی پنجاب نے ملاقات کی، جس میں صوبہ پنجاب سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پنجاب ہاؤس میں نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور نگران وزیر اعلی سندھ مقبول باقر کی ملاقات بھی ہوئی،ک پاس کے نرخوں میں استحکام لانے کے لئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے کپاس کی خریداری کے لئے وزیراعظم سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی، سندھ اور پنجاب کے کسان کپاس کی فصل سستی بالکل نہ بیچیں، ان کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

اس سے قبل اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے بھی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ ثقافت، سیاحت، تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے کہا پاکستان اور اٹلی بہترین دوست ملک ہیں،وقت آ گیا ہے اس دوستی کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔

محسن نقوی سے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک بھی ملے۔ ربیع اورخریف کی فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور گندم کی قیمت یکساں رکھنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، نگران وزیراعلیٰ نے کہا وفاقی حکومت ٹی سی پی کے ذریعے کپاس خرید کر نرخ کے استحکام میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔