Friday, March 29, 2024

نبی کریمﷺ تمام انبیا کرام کے سردار ہیں، چودھری پرویز الہٰی

نبی کریمﷺ تمام انبیا کرام کے سردار ہیں، چودھری پرویز الہٰی
October 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے نبی کریمﷺ تمام انبیا کرام کے سردار ہیں۔

چودھری پرویز الہٰی نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا۔ حضور کریم ﷺؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا ۔ نبی پاکﷺ  کی زندگی تمام عالم کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔ نبی پاکؐ نے جہالت کے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے عرب کو ایک مہذب قوم بنایا۔ حضور پاکؐ نے خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر انسانی حقوق کا مکمل ضابطہ پیش کیا۔ آپؐ نے فتح مکہ پر دشمنوں کو معاف کرکے ایک عظیم روایت قائم کی۔ آپؐ نے ہی دنیا میں سب سے پہلے خواتین اور اقلیتوں کو حقوق دیئے۔ نبی پاکؐ کی زندگی تمام عالم کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔

چودھری پرویز الٰہی بولے حضور اکرمؐ کا فرمان ہے کہ اچھا مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے محفوظ رہیں۔ آپؐ نے حکومتی معاملات میں بددیانتی کی ممانعت کی۔ نبی کریمؐ امن کے پیامبر ہیں، آج دنیا بد امنی، بے راہ روی، اخلاقی و معاشرتی زوال کا شکار ہے۔ ان تمام برائیوں کا سبب نبی پاکؐ کی تعلیمات سے دوری ہے۔ نبی پاکؐ کے اسوہ حسنہ کو مشعل راہ بنا کر ہی دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن سکتی ہے۔