Saturday, May 18, 2024

نائن الیون واقعے کو 21 برس بیت گئے

نائن الیون واقعے کو 21 برس بیت گئے
September 11, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - نائن الیون کو 21 برس بیت گئے، امریکا میں گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کو دہشت گرد حملوں میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

آج سے 21 برس پہلے رونما ہونے والے نائن الیون کے واقعے نے دنیا کا منظرنامہ ہی بدل دیا، نیویارک کے دو ٹاورز گرنے پر امریکا نے دنیا کے کئی ممالک میں ہزاروں بم گرادئیے، پہلا نشانہ افغانستان بنا، اس کے بعد دہشتگردی کے نام پر کئی ممالک امریکی جارحیت کی زد میں آئے۔

11 ستمبر2001، وہ دن جب امریکی شہر نیویارک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ نے دنیا کا منظرنامہ ہی بدل کر رکھ دیا۔

21 برس قبل آج ہی کے دن خودکش حملہ آوروں نے 4 امریکی مسافر بردار طیارے اغوا کئے، جن میں 2 کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر اور ایک کو پینٹاگون کی عمارت سے ٹکرا دیا جبکہ ایک اپنے ہدف یعنی کیپیٹل ہل سے کچھ فاصلہ پر گر کر تباہ ہوگیا۔

دنیا میں دہشت گردی کے اس واقعہ میں 3 ہزار کے قریب افراد جان سے گئے، سیکڑوں زخمی ہوئے، اس دن کو اب نائن الیون حملوں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے 2 بوئنگ 767 اور 2 بوئنگ 757 طیارے اغوا کرنے والے ہائی جیکروں کی کل تعداد 19 تھی، جن میں سے کم از کم چار پائلٹ بھی تھے۔

چاروں طیاروں میں سوار مسافروں اور جہاز کے عملے کی تعداد 246 تھی جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا، 2606 افراد ٹوئن ٹاور گرنے سے مارے گئے جبکہ پینٹاگون میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 125 بتائی جاتی ہے۔

نائن الیون سے جڑی یادیں امریکا نے اپنے میوزیم میں محفوظ کرکے رکھی ہوئی ہیں، جسے نیوزیم کہا جاتا ہے۔

امریکا نے 102 منٹ کی ایک کارروائی کا ذمہ دار اسامہ بن لادن اور خالد شیخ کو قرار دیا، اور بدلے کے طور پر افغانستان پر یلغار کرکے اسے تہس نہس کردیا، بعد میں امریکی فوج نے 2011 میں پاکستان میں کارروائی کرکے اسامہ بن لادن کو بھی ہلاک کردیا جبکہ خالد شیخ کو 2003 میں پاکستان سے گرفتار کرکے گوانتانا موبے جیل بھجوا دیا گیا جہاں وہ اب بھی مقدے کی کارروائی شروع ہونے کے انتظار میں قید ہے۔