لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سےامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امرا میں ملاقات کی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان جاتی امرا میں ہوئی ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں! ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت پراتفاق کیا گیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا میرے دورہ حکومت میں امریکی رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کو سمجھا۔ آج ملک کو درپیش مسائل اور بحرانوں سے نکلنے کیلئے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دیکر بھرپور اعتماد کریں گے اور ہم ملک کو درپیش چیلنجز اور مشکلات کا خاتمہ کرینگے۔
امریکی سفیر اور نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینوں کی شہادتوں کے مسئلے کو بھی اُجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا، انہوں نے جنگ بندی کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
ڈونلڈ بلوم نے امریکی ترجیحات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اورخوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔