Friday, April 19, 2024

نواز شریف نے پنجاب کابینہ کی تشکیل کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا

نواز شریف نے پنجاب کابینہ کی تشکیل کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا
May 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - قائد ن لیگ نواز شریف نے پنجاب کابینہ کی تشکیل کا معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا۔

پارٹی صدر وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز، نائب صدر مریم نواز اور دیگر قائدین نے اپنی سفارشات لندن بھجوا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ساتھ پاور شیئرنگ فارمولے پر حتمی فیصلہ بھی نواز شریف ہی کریں گے۔ جنوبی پنجاب سے اویس لغاری کا نام بھی وزارت کے لیے ناموں میں شامل کر لیا گیا۔

وزرات کے لیے مسلم لیگ نے لاہور سے تعلق رکھنے والی آٹھ ایم پی ایز کے نام شامل کر لیے۔ لاہور کے ایم پی ایز میں مخصوص نشستوں کی خواتین بھی شامل ہیں۔ حمزہ شہباز کی جانب سے عنیزہ فاطمہ جبکہ مریم نواز نے حنا پرویز بٹ اور ثانیہ عاشق کو نامزد کیا ہے۔

ن لیگ کے وزارتوں کے لئے تجویز کردہ ناموں میں میاں مجتبی شجاع الرحمان ، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، رانا مشہود، عظمی بخاری، بلال یاسین ، سیف الملوک کھوکھر اور عطاء اللہ تارڑ شامل ہیں۔