Friday, April 19, 2024

نوازشریف نے حکومت چھوڑنے کا سگنل دیدیا، نیب قوانین اور انتخابی اصلاحات کے بعد قومی اسمبلی تحلیل ہوگی

نوازشریف نے حکومت چھوڑنے کا سگنل دیدیا، نیب قوانین اور انتخابی اصلاحات کے بعد قومی اسمبلی تحلیل ہوگی
May 20, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - نوازشریف نے حکومت چھوڑنے کا سگنل دیدیا، نیب قوانین اور انتخابی اصلاحات کے بعد قومی اسمبلی تحلیل ہو گی، دونوں قوانین رواں اسمبلی کے اجلاس سے منظور کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز اپنے والد نوازشریف کے موقف کو ہی عوامی سطح پردہرا رہی ہیں، اب میاں نوازشریف کی  جانب سے بھی واضح موقف سامنے آگیا ہے جنہوں نے حکومت سے نکلنے کا سگنل دے دیا ہے۔

نوازشریف کا کہنا ہے کہ معاشی طورپرمشکل فیصلے کرنے کے لیے عوام  کا تازہ مینڈیٹ ضروری ہے، موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے تو عام انتخابات میں انہیں اس کا نقصان ہوگا، نوازشریف کی خواہش نیب قوانین کی تبدیلی اورانتخابی اصلاحات کے بعد حکومت تحلیل کردی جائے۔

تقریبا ڈیڑھ ماہ سے قائم اتحادی حکومت دوراہے پرکھڑی ہے، حکومت کی اتحادی جماعتیں اسمبلی کی آئینی مدت پوری کرنے کی حامی ہیں تو وہیں ن لیگ اس معاملے میں گومگو کا شکارہے، ن لیگ کا ایک دھڑا فی الحال حکومت چھوڑنا نہیں چاہتا مگرجماعت کا دوسراگروپ فوری طورپرانتخابات میں جانے کا خواہشمند ہے۔

ن لیگ کی رہنما سرگودھا میں حکومت چھوڑنے کی اپنی خواہش کا کھلے عام اظہاربھی کرچکی ہیں۔