Friday, April 26, 2024

قدرتی حسن سے مالا مال خیبرپختونخوا  ایک بار پھر سیاحوں کی توجہ کامرکز بننے لگا

قدرتی حسن سے مالا مال خیبرپختونخوا  ایک بار پھر سیاحوں کی توجہ کامرکز بننے لگا
September 27, 2016
پشاور(92نیوز)قدرتی حسن سے مالامال خیبرپختونخوا ایک بار پھر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننے لگا ہے۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ اور پرفضاء مقامات پربنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ کئی نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کےمنصوبےجاری ہیں۔ تفصیلات کےمطابق سرسبز و شاداب وادیاں، برف پوش پہاڑ، آبشاریں، دریا اور شفاف پانی کی ندیاں سیاحوں کو خیبرپختونخوا کھینچ لاتی ہیں۔ پاکستان کا سوئٹزرلینڈ سوات کے قدرتی حسن کے چرچے تو دنیا بھر میں ہیں سوات کے بلند ترین مقام مالم جبہ کو ترقی دے کر سیاحوں کےلئے پرکشش بنادیا گیا ہے مالاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کےلئے محکمہ سیاحت مزید نئے مقامات کی ترقی کےلئے کوشاں ہے۔ دوسری طرف امن وامان کی نسبتاً بہتر صورتحال کے باعث ہزارہ ڈویژن میں کاغان، ناران، جھیل سیف الملوک، اور نتھیاگلی ہمیشہ سے سیاحوں کی توجہ کے مرکز رہی ہے۔ سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر  محکمہ سیاحت کے ایم ڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کےلئے دو ارب پچاس کروڑ روپے کے نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔ ان کامزید کہنا تھا کہ صوبے میں غیرملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے گندھارا تہذیب کے آثارکی بحالی کاکام بھی تیزی سے جاری ہے۔