Wednesday, April 24, 2024

ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنوانے والی شربت بی بی کو گرفتار کر لیا

ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنوانے والی شربت بی بی کو گرفتار کر لیا
October 26, 2016
پشاور(92نیوز)سبز آنکھوں کے باعث شہرت پانے والی  شربت بی بی حوالات پہنچ گئیں افغانستان سے ہجرت کرکے پاکستان آنے والی شربت بی بی کو ساری دنیا جانتی تھی لیکن نہ پہچانا تو صرف " نادرا"  والوں نے شربت بی بی کو جعلی دستاویزات پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے پر ایف آئی اے نے گرفتارکیا۔ تفصیلات کےمطابق سرخ دوپٹے میں لپٹا، سبزآنکھوں والا  چہرہ افغان خاتون شربت بی بی کا ہے،، جو تیس سال قبل  افغانستان سے ہجرت کرکے پاکستان آئی۔ 1985 میں ناصر باغ پشاور کے افغان مہاجرکیمپ میں شربت بی بی کا یہ معصوم چہرہ ایک فوٹوگرافر نے کیمرہ کی آنکھ میں محفوظ کیا اور پھریہ تصویر بین الاقوامی میگزین کے صفحہ اول پرچھپی۔ میگزین میں تصویر شائع ہونے پر شربت بی بی کو تیسری دنیا کی مونا لیزا قرار دیا گیا۔ پاکستان میں طویل قیام کے دوران 2014 میں شربت بی بی نے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کےلئے شناختی کارڈ حاصل کرنے کےلئے نادرا سے رجوع کیا۔ عالمی شہرت یافتہ شربت بی بی کو پوری دنیا پہنچاتی تھی لیکن پاکستان کے اہم ادارے " نادرا" افسران نے اسے نہ پہچانا اور پاکستانی شناختی کارڈ جاری کردیا۔  شربت بی بی نے دو بیٹوں کے پاکستانی شناختی بھی بنوائے۔ ایف آئی اے ٹیم نے روپوش شربت بی بی کو بالآخر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔ اس کیس میں ایف آئی اے نے نادرا کےتین افسران پلوشہ آٖفریدی،محسن احسان اورعماد خان کے خلاف بھی باقاعدہ مقدمہ درج کررکھا ہے جن کی گرفتاری  کےلئے ایف آئی اے کی کوششیں جاری ہیں۔