ناصر حسین شاہ اور مرتضی وہاب کی پی ایس پی قیادت سے ملاقات، نئے بلدیاتی قانون پر گفتگو

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی رہنماؤں ناصر حسین شاہ اور مرتضی وہاب کی پی ایس پی قیادت سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں نئے بلدیاتی قانون پر گفتگو کی گئی۔
ایک دوسرے کیخلاف الزامات کی پٹاری کھولنے والے بلدیاتی قانون پر مشاورت کیلئے مل بیٹھے۔ پیپلزپارٹی کے وفد نے پی ایس پی قیادت کے ساتھ بلدیاتی قانون پر مذاکرات کیے۔ 30جنوری کا احتجاج ملتوی کرنے کی درخواست کی اور تجاویز شامل کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔
کبھی ایک دوسرے کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے رہنمائوں نے اب کی بار ایک دوسرے کا شکریہ بھی ادا کیا اور تعریفیں بھی کیں، سلام تحسین بھی پیش کیے گئے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ دو ہزار ایک کا بلدیاتی قانون بحال ہونا چاہیے۔ لسانیت کے نام پر سیاست کو چمکانے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اچھا کام کرینگے تو پیپلزپارٹی کو فائدہ ہو گا۔
بلدیاتی قانون پر دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی مذاکرات کا عندیہ دیتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے ویژن کے مطابق کراچی میں کام کر رہے ہیں۔ لسانیت پر یقین نہیں رکھتے ہم بلدیاتی قانون میں بہتری لانے کے لیے تیار ہیں۔