Thursday, April 25, 2024

نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو بچانے کیلئے پاک آرمی ایوی ایشن کے ہوا بازوں کی جرأت مندانہ کاوش

نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو بچانے کیلئے پاک آرمی ایوی ایشن کے ہوا بازوں کی جرأت مندانہ کاوش
July 7, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک آرمی ایوی ایشن کے ہوا بازوں نے جرأت مندانہ کاوش کی۔

نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں شہروز کاشف اور فضل علی کو نکالنے کا آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج گزشتہ روز سے انتہائی پُر خطر امدادی آپریشن کو مربوط بنا رہی ہے۔ پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز  کی پروازیں جاری ہیں۔ اونچائی پر جانے والے پورٹرز، ریسکیورز سمیت ایک گراؤنڈ سرچ ٹیم بھی کام کر رہی ہے۔

عسکری ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک آرمی ایوی ایشن کے ہوا بازوں نے  جرأت  مندی کا مظاہرہ کیا۔ خراب موسم کے باوجود دو ہیلی مشن اڑائے۔ گھنے بادلوں اور بہت زیادہ اونچائی کی وجہ سے کوہ پیماؤں کو نہیں اٹھایا جا سکا جبکہ زمینی ٹیم پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کے قریب پہنچ گئی۔ امدادی ٹیم اس وقت 21 ہزار فٹ کی بلندی پر کیمپ 3 میں موجود ہے۔

دوسری طرف  براڈ پیک میں مہم جوئی کے دوران  پاکستانی کوہ پیما شریف سدپارہ کو لاپتہ ہوئے 3 روز گزر گئے ۔ مقامی کوہ پیمائوں کا کہنا ہے کہ  ریسکیو میں تاخیر سے کوہ پیما شریف سدپارہ کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ اہلخانہ نے آرمی ایوی ایشن سے ریسکیو کی اپیل  کی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ساتھی کوہ پیما کا کہنا تھا  کہ  شریف سدپارہ 7ہزار میٹر کی بلندی سے پھسل کر برفانی کھائی میں گر گیا ۔ شریف سدپارہ نے گزشتہ موسم گرما میں پہلی بار کے ٹو سر کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا تھا۔