لاہور (92 نیوز) - نامور اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی 46 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔
تھیٹر کی دنیا میں اپنے دکھوں کو چھپا کر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والا طارق ٹیڈی آج سب کو روتا چھوڑ کر اپنی تکلیفوں سے ہار گیا اور چھیالیس برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔
قہقوں کے بادشاہ طارق ٹیڈی نے 1976 میں فیصل آباد میں آنکھ کھولی۔ 1990سے انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا ۔ برجستہ جملوں کی ادائیگی کے ساتھ چہرے کے تاثرات کا ایسا استعمال کیا کہ جس نے بھی سنا ہنستا ہی رہ گیا۔
طارق ٹیڈی نے درجنوں تھیٹر ڈراموں میں لازوال کام کیا۔ ان کے بہترین ڈراموں میں ماما پاکستانی، سب سے بڑا روپیہ، جی کردا، عید دو چن، اور دوستی شامل ہیں۔ مزاحیہ اداکاری میں اداکار مستانہ اور طارق ٹیڈی کی جوڑی تھٹیر کی دنیا میں خاصی مقبول رہی۔
طارق ٹیڈی نے 2004 میں سلاخیں فلمیں میں بھی اپنی اداکاری اور فن کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے چھیالیس برس تک لوگوں کو صرف ہنسانے کا کام بخوبی سرانجام دیا لیکن اپنے غموں اور تکلیفوں کو دل میں ہی پالتے رہے اور جگر اور سانس کے عارضے کے باعث خالق حقیقی سے جاملے ۔
طارق ٹیڈی نے سوگواران میں بیوہ ایک بیٹا جنید اور دو بیٹیاں صفا اور مروا کو چھوڑا ۔