Friday, April 26, 2024

نامعلوم فون نمبر سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، عمران خان

نامعلوم فون نمبر سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، عمران خان
July 8, 2022 ویب ڈیسک

خوشاب (92 نیوز) - چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ نامعلوم فون نمبر سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، حکومت کا دھاندلی کرکے الیکشن جیتنے کا پروگرام ہے۔

جمعہ کے روز خوشاب میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دھاندلا بھی کرلیں تو نہیں جیت سکیں گے، ہر پولنگ اسٹیشن پر ہمارے دس دس نوجوان پہرہ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہیں، فیصلہ ہوگا کہ یہ چور ملک کا مستقبل ہیں یا ہم حقیقی آزاد پاکستان بنائیں گے۔ عمران ریاض کو پکڑ کر جیل میں ڈال دیا، نامعلوم فون نمبرسے دھمکیاں دی جارہی ہیں، ڈرایا جارہا ہے، مجھ پر 15 ایف آئی آر کاٹی گئیں۔ حکومت کے ساتھ لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہے، اس کا صرف ایک مشن ہے کہ کسی نہ کسی طرح ان چوروں کو الیکشن جتوا دے۔ لاہور والے جو مرضی کرلو  حمزہ ککڑی کو نہیں بچا سکتے۔

اُنہوں نے کہا کہ لوٹے عوام سے ووٹ لے کر اپنے ضمیر کو بیچ دیتے ہیں، یہ لوگ اپنی قوم، اپنے آئین اور دین سے بھی غداری کرتے ہیں۔ یہ جنگ عمران خان کی نہیں، آپ سب کی جنگ ہے۔ یہ سیاست نہیں، جہاد ہے۔ امریکا نے یہاں کے میرجعفر اورمیرصادق کو ساتھ ملا کر 22 کروڑ پاکستانیوں کی منتخب حکومت کو گرایا اور ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہم پر بٹھا کر پاکستانی قوم کی توہین کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم کو اس کی اپنی جماعت نے برطرف کردیا، شہباز شریف، نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمٰن جیسے لوگ کسی ملک کی قیادت میں آجاتے ہیں تو وہ ملک تباہی کی طرف چلا جاتا ہے۔ شہبازشریف چیری بلاسم اور حمزہ ککڑی سن لو، ظالم زرداری تم بھی سن لو اور ڈیزل تم بھی سن لو، ہم پاکستان کے لوگ کبھی بھی تمہیں تسلیم نہیں کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت امریکا کی غلامی نہیں کریں گے، ان لوگوں کا پیسہ باہر پڑا ہے، یہ اپنے پیسے کےغلام ہیں، یہ کبھی اس ملک کے مفادات کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے، سازش باہر سے کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتی جب تک اندر سے میرصادق اور میرجعفر ساتھ ملوث نہ ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا غداروں نے ہی ہندوستان کو انگریزوں کا غلام بنایا تھا، اب وہی غدار پاکستان کو امریکا کا غلام بنانا چاہتے ہیں۔ یہ الیکشن پاکستان کی حقیقی آزادی کی جدوجہد اور جہاد ہے، شریف برادران کے بچوں نے کبھی بھی کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا سارا ٹبر ہی جھوٹ بولتا ہے، بیٹی کہتی ہے لندن تو چھوڑو میری پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں۔ دو سال کے بعد ہی بین الاقوامی انکشاف ہوا، پاناما میں پتہ چلا لندن کے مہنگے ترین علاقے میں چار بڑے بڑے محلات مریم بی بی کے نام پر ہیں۔