لاہور (92 نیوز) - سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا طوفان غریب عوام کی زندگیاں تباہ کررہاہے، نااہل حکمران ملک اور عوام پر رحم کھائیں اوراقتدار چھوڑ دیں۔
اسپیکر خیبر پختونوا اسمبلی مشتاق غنی سے ملاقات کے دوران چودھری پرویزالہیٰ نے کہا شہبازشریف پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے، جن کو شہباز شریف کا تجریہ دیکھنے کاشوق تھا امید ہے انکی تسلی ہوگئی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکمران سپریم کورٹ کے فیصلے کے آگے سرخم تسلیم کریں ورنہ آئین شکنی کے مرتکب ہوں گے، عمران خان اورتحریک انصاف کی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بھی حکمرانوں کو نہیں بچاسکیں گے۔
چودھری پرویز الہی نے کہا ڈالر کی اڑان اور مہنگائی کاطوفان شہبازسپیڈ سے عوام کو نگل رہاہے، شہبازشریف کی گورننس اورتجریہ پوری قوم کے سامنے ایکسپوز ہوچکا ہے، نااہل ٹولے کو صرف اپنے اقتدار بچانے کی فکر ہے عوام کا کوئی پرسا ن حال نہیں۔
سابق وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو ایک ہی خوف کھائے جارہا ہے کہ الیکشن میں انکا سیاسی جنازہ نکل جانا ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا ایک ہی حل ہے کہ سیاسی استحکام کے لئے عام انتخابات کروائے جائیں، عمران خان قوم ، ملک اورائین کی بالادستی کی جدوجہد کررہے ہیں۔
ملاقات میں سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید بھی موجود تھے۔