Tuesday, April 23, 2024

نااہلی ریفرنس : سپیکرقومی اسمبلی اور عارف علوی کے درمیان نوک جھوک

نااہلی ریفرنس : سپیکرقومی اسمبلی اور عارف علوی کے درمیان نوک جھوک
September 27, 2016
اسلام آباد(92نیوز)قومی اسمبلی میں نااہلی ریفرنس پر عارف علوی اور اسپیکر میں نوک جھوک ہوگئی۔ اسپیکر نے مائیک بند کرادیا اورکہا کہ  الیکشن کمیشن جائیں یا عدالت، یہاں بات نہیں ہوسکتی۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ خود کو بچانے کیلئے اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کےمطابق سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عارف علوی نے نا اہلی ریفرنسزپرسپیکرکے فیصلے کوزیربحث لانے کی کوشش کی، جس پرسپیکرنے کہا کہ وہ قانون کے مطابق سپیکر کی رولنگ کو چیلنج نہیں کرسکتے، اگر آپ نے کچھ کہا تووہ مائیک بند کرادیں گے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ سپیکرصاحب آپ ریفرنس کےمعاملے پرجانب دارنظر آتے ہیں، جس پرسپیکرایازصادق نے کہا کہ انہوں نے وہ کیا جو ٹھیک لگا، الیکشن کمیشن جائیں یا عدالت، یہاں بات نہیں ہوسکتی، جس کے ساتھ انہوں نے عارف علوی کا مائیک بند کرادیا،بعدازاں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ خود کو بچانے کیلئے اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے ۔سپیکر کو نوازشریف کے خلاف ریفرنس دیئے تھے انہوں نے کہا کہ سپیکر صاحب نے کئی مرتبہ میرا مائیک بند کرایا ،کشمیر کے بارے میں اسمبلی میں بات نہیں کرنے دی گئی۔