Thursday, March 28, 2024

قومی اسمبلی میں ہندوستان کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور

قومی اسمبلی میں ہندوستان کیخلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور
September 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی اسمبلی میں بھارت کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پرمنظورکرلی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کو دھمکیوں سے ڈرا نہیں سکتا۔ اسے اچھا ہمسایہ بن کے رہنا ہوگا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ قرارداد پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں کشمیر کو ہندوستان کا حصہ قرار دینا سراسر جھوٹ ہے۔ دنیا کشمیر کو متنازعہ علاقہ مانتی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے خاتمے سمیت بھارتی وزیراعظم کی دھمکیاں مسائل کا حل نہیں۔ بھارت کو غلط فہمی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت چھوڑ دے گا۔ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والے خود دہشت گردی کی فنڈنگ کرتے ہیں۔ بھارت بلوچستان کا نام لینے کی بجائے کشمیر کی بات کرے۔ قراردادمیں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا دھمکی آمیز لہجہ پاکستان کو ڈرا نہیں سکتا۔ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے۔ بھارت کی طرف سے کشیدہ ماحول پیدا کرنا خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کو بلانے کا مطالبہ کردیا۔