لاہور (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف اور وزرا کی قائد ن لیگ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کی اکثریت نے جلد انتخابات نہ کرانے کا مشورہ دیدیا ہے۔
نواز شریف سے شہباز شریف اور وزرا کی ملاقات میں اہم امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی اکثریت نے انتخاب جلدی نہ کرانے کا مشورہ دے دیا۔ اکثریت کی رائے تھی کہ انتخابات نیب ترامیم اور انتخابی اصلاحات کرنے کے بعد ہونے چاہئیں۔ ملکی معیشت کو درست سمت میں لانے کے لیے مشکل فیصلے فوری کرنے چاہئیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشاورت کی گئی کہ عوام کو مشکل فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے۔ کہا گیا کہ انتخابات کرانے کا فیصلہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آصف زرداری سے ہونے والی بات چیت کے متعلق لیگی رہنماوں کو بتایا۔ نوازشریف نے ہدایت کی کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔