Friday, April 26, 2024

ن لیگ بینچ کے خلاف مہم چلا رہی ہے، فواد چودھری

ن لیگ بینچ کے خلاف مہم چلا رہی ہے، فواد چودھری
March 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلا آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ن لیگ بینچ کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا سپریم کورٹ بار کی باڈی نے کونسل کو یرغمال بنا لیا ہے۔ سپریم کورٹ بار کو کسی ایک جماعت کی سبسڈری نہیں بننا چاہئے۔ وکلا کا تعلق سب سے ہوتا ہے، کسی ایک سیاسی جماعت سے نہیں۔ یہ پارٹی بن گئے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آواز اٹھائیں گے۔

 انہوں نے کہا ملک میں ہارس، خچر اور گدھا ٹریڈنگ بند ہونی چاہئے۔ پاکستان کا مستقبل اس سے جڑا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کو روکا جائے۔ یہ کیس ملک کے سیاسی مستقبل کی بنیاد ہو گا۔ آپ نے دیکھا کس طرح سندھ ہاؤس میں ضمیر فروشی کی گئی۔ اسپیکر کا حق ہے کہ وہ کسی ضمیر فروشوں کا ووٹ نہ گنے۔ اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی پر کوئی قدغن نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری مزید بولے ایسا نہیں ہو سکتا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا جائے اور اسی کو چھرا گھونپا جائے۔ اتحادی جب تک حکومت میں ہیں ظاہری بات ہے وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ آئین میں جہاں نااہلی کی مدت درج نہیں وہ تاحیات ہو گی۔