Thursday, April 25, 2024

ن لیگ اور پی پی پی کی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں منظور

ن لیگ اور پی پی پی کی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں منظور
June 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ن لیگ اور پی پی پی کی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پرسماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ چیف جسٹس کے استفسار پر الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت وضاحتی موقف دیا گیا ہے۔ ساٹھ سے پینسٹھ روز میں الیکشن کرائے جا سکتے ہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کچھ شکایات آئیں ہیں وہ بھی دیکھ لیں، ووٹ کو ایک سے دوسرے وارڈ میں منتقل نہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ نئی حلقہ بندیاں کرکے ہی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دیں گے۔ عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے اور تعاون کا حکم دے۔ ساٹھ روز میں نئی حلقہ بندیاں کرکے الیکشن شیڈول کا اعلان کریں گے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کسی کی جیت نہیں، بلدیاتی حکومت کو مضبوط بنائیں گے۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پرامن اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں، معاشی محاذ پر جلد خوشخبری ملے گی۔