Wednesday, April 24, 2024

مظفرگڑھ، 5 سالہ بچی سے اوباش نوجوان کی مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

مظفرگڑھ، 5 سالہ بچی سے اوباش نوجوان کی مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار
March 3, 2022 ویب ڈیسک

مظفرگڑھ (92 نیوز) - معصوم بچیوں اور بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات نہ رک سکے، مظفرگڑھ میں ایک اور معصوم بچی مبینہ زیادتی کا شکار، 5 سالہ بچی کو اوباش نوجوان نے شاہ جمال میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سمیت مظفرگڑھ میں معصوم بچیوں اور بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ ایک اور پانچ سالہ معصوم بچی کو اوباش نوجوان کیطرف سے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ سامنا آیا ہے۔ مظفرگڑھ کے علاقے شاہجمال میں 5 سالہ بچی کو اس کے ہمسائے نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

متاثرہ بچی کے والد کی جانب سے پولیس کو دئیے گئے بیان کیمطابق عرفان نامی ہمسایہ اسکی 5 سالہ بیٹی کو ورغلاء کر اپنے گھر لے گیا اور ملزم نے اپنے گھر میں بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ متاثرہ بچی کے والد کے مطابق ملزم کے گھر سے بچی کے رونے کی آواز آئی تو واقعے کا علم ہوا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد عرفان نامی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا جس کو پولیس ٹیم نے بعد ازاں چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا اور ملزم کیخلاف تھانہ شاہجمال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔