Tuesday, April 23, 2024

آرمی چیف کا امریکی نائب وزیر خارجہ سے رابطہ، قرض کیلئے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست

آرمی چیف کا امریکی نائب وزیر خارجہ سے رابطہ، قرض کیلئے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست
July 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – ملکی معیشت کو سہارا دینے کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی میدان میں آگئے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے رابطہ کرلیا۔ جلد قرض کیلئے امریکا سے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کردی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھی رابطے کی تصدیق کردی۔

پاکستان کی خاطر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بڑا اقدام اُٹھاتے ہوئے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور قرض کیلئے امریکا سے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کردی۔ انہوں نے کہا وائٹ ہاؤس اور محکمہ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کیلئے تقریباً ایک ارب 20  کروڑ ڈالر کی فوری فراہمی کیلئے دباؤ ڈالے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے آرمی چیف کی جانب سے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ سے رابطے کی تصدیق کردی۔ معاشی اُمور کی نظر میں آرمی چیف کا رابطہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے بیل آوٹ پیکج ملنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

آئی ایم ایف نے 13 جولائی کو پاکستان کے ساتھ ’اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دی تھی تاہم ابھی تک پاکستان کو قرض کی رقم فراہم نہیں کی گئی ہے۔