اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے ۔ سات افراد کیخلاف تھانے میں درخواست جمع کرا دی۔
مسجد نبویؐ میں پیش آئے افسوس ناک واقعے کے خلاف فیصل آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ مدینہ ٹاؤن میں شہری محمد نعیم کی مدعیت میں درج مقدمہ میں توہین مذہب سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری، شہباز گل، شیخ رشید، قاسم سوری، راشد شفیق، اور انیل مسرت کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسجد نبوی میں پاکستانی زائرین نے نعرے بازی کی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے واپسی پر سادہ کپڑوں میں ملبوس ایف آئی اے کے اہلکاروں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے 92 نیوز سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ رات گئے ان کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے وارنٹ کے بغیر گرفتاری دینے سے انکار کر دیا۔ سابق وزیر داخلہ کے خلاف ایک اور درخواست بھی اسلام اباد جے تھانہ مارگلہ میں جمع کرا دی گئی ہے جس میں شہری نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ہونے والے افسوسناک واقعے کا ذمہ دار شیخ رشید کو ٹہراتے ہوئے ان پر مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔