اسلام آباد (92 نیوز) - عمران خان کا کہنا ہے کہ میری جان کو اب بھی خطرہ ہے ، دوبارہ حملہ ہو سکتا ہے۔
وزیر آباد فائرنگ واقعے کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کو اب بھی اس بات کا خد شہ ہے کہ انہیں دوبارہ ہلاک کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے ۔ اس بات کا اظہار انہوں نے فرانسیسی نیوز چینل فرانس 24 ٹو ڈے کو انٹر ویو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا بدقسمتی سے مجھے لگتا ہے کہ وہ دوبارہ کوشش کر سکتے ہیں۔ میری جان کو اب بھی خطرہ ہے۔ وہ لوگ جو مجھے ختم کرنا چاہتے تھے کیونکہ میری پارٹی پاکستان کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے۔ مجھے راستے سے ہٹانے کا واحد طریقہ مجھے ختم کرنا ہے۔ چھ ہفتے قبل عوامی جلسے میں بتا دیا تھا کہ مذہبی جنونی کے ہاتھوں قتل کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے ۔
عمران خان نے پی ڈی ایم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ ان مجرموں کو نہیں چاہتے جو اس وقت پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ملک میں ہونے والے حالیہ ضمنی انتخابات میں 75 فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔ ہم نے ضمنی انتخابات میں کلین سویپ کیا ہے۔
عمران خان نےوزیر آباد حملے پر ہونے والے سوال کے جواب میں کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے درخواست کی ہے واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ہم پر دو حملہ آوروں نے حملہ کیا اور میں جانتا ہوں کہ آزادانہ تحقیقات میں یہ ثابت ہو جائے گا کہ یہ سب منصوبہ سازی تھی اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ موجودہ حکومت کو ہوتا۔
انٹر ویو میں عمران خان نے وضاحت کی کہ پاکستانی عوام کا مفاد تمام ممالک اور خاص طور پر امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات میں ہے۔