Sunday, September 8, 2024

میران شاہ، 3 فوجیوں سمیت میجر شہید، دو کارروائیوں میں ایک دہشت گرد ہلاک

میران شاہ، 3 فوجیوں سمیت میجر شہید، دو کارروائیوں میں ایک دہشت گرد ہلاک
September 2, 2023 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی علاقہ جات ضلع وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کے ایک میجر اور سپاہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آپریشن کے دوران سامنے سے آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر عامر عزیز نے دہشت گردوں کی ایک جماعت کو دیکھا اور اسے روکا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

شہید ہونے والوں کی شناخت میجر عامر عزیز (عمر 29 سال، رہائشی ضلع سرگودھا) اور سپاہی محمد عارف (عمر 27 سال، ساہیوال ضلع) کے نام سے ہوئی جنہوں نے شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے۔

دریں اثنا، جمعہ کی علی الصبح ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے پاک فوج کے ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔

ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوج کے دستوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جو سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، حوالدار منتظر شاہ (عمر 36 سال، ضلع صوابی کا رہائشی) بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔