Saturday, April 20, 2024

میکسیکو، منشیات کنگ ایل چاپو کے بیٹے کی گرفتاری کیخلاف گینگز کے فوج پر حملے، 29 ہلاک

میکسیکو، منشیات کنگ ایل چاپو کے بیٹے کی گرفتاری کیخلاف گینگز کے فوج پر حملے، 29 ہلاک
January 7, 2023 ویب ڈیسک

میکسیکو سٹی (92 نیوز) - میکسیکو میں منشیات کنگ ایل چاپو کے بیٹے کی گرفتاری کے خلاف گینگز کے فوج پر حملے کے نتیجے میں 10 فوجیوں سمیت 29 افراد ہلاک جبکہ 35 اہلکار زخمی ہو گئے۔

سیکرٹری دفاع لوئس کریسن سی او کے مطابق منشیات کنگ ایل چاپو کے بیٹے اوویڈیو گزمین کی گرفتاری کے خلاف گینگز نے فوج پر حملے کئے، ائیرپورٹ پر ایک مسافر طیارے کو نشانہ بنایا جو پرواز کرنے ہی والا تھا جبکہ 2 فوجی طیاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے بعد طیارو ں نے ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں متعدد گاڑیاں نذر آتش کی گئیں اورشاہراہیں بند کر دی گئیں۔ تشدد کا مرکز منشیات کارٹل کا گڑھ کلیاکان تھا، جہاں پورا علاقہ جام کر دیا گیا۔ جھڑپوں میں 10 فوجیوں سمیت 29 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 35 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ادھرعدالت نے منشیات اسمگلر اوویڈیو گزمین کی امریکا حوالگی روک دی، اسے سکیورٹی فورسز 6 ماہ کی انٹیلی جنس معلومات کے بعد گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ اوویڈیو گزمین کا والد اور منشیات کنگ ایل چاپوبھی اس وقت میکسیکو کی جیل میں بند ہے۔