Friday, March 29, 2024

ملک میں توانائی کا بحران سنگین، بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 911 میگاواٹ تک پہنچ گیا

ملک میں توانائی کا بحران سنگین، بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 911 میگاواٹ تک پہنچ گیا
June 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں توانائی کا بحران سنگین ہو گیا۔ شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ شارٹ فال 8 ہزار 911 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔

ملک بھر میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب ریکارڈ 30 ہزار 233 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ ملک میں بجلی کی کل پیداوار 21 ہزار 322 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 911 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق نقصانات کے باعث 2 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی ضائع ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی بندش کا دورانیہ 20 گھنٹے تک ہے۔ ٹرپنگ اور اوورلوڈنگ کے باعث بعض علاقوں میں گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک کے بیشتر فیڈرز پر ٹرپنگ ترسیلی نظام میں خرابیوں کا سامنا ہے۔

بجلی شارٹ فال میں میپکو اور پیسکو ریجنز شدید متاثر ہیں۔ ان دونوں ریجنز میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک ہے۔ آئیسکو کو 500 میگاواٹ، لیسکو کو  693 میگاواٹ تک بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔ اسلام آباد میں 10 سے 12 اور گردونواح میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہے۔