Friday, April 19, 2024

ملک بھر میں قہر برساتی گرمی، لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا

ملک بھر میں قہر برساتی گرمی، لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا
May 16, 2022 ویب ڈیسک

لاہور/ کراچی (92 نیوز) – ملک بھر میں قہر برساتی گرمی، سورج سوا نیزے پر آگیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا۔

لاہور کا مطلع آج جزوی طور پر ابر آلود ہے، صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی رہی، تاہم گرمی کی شدت میں خاطرخواہ کمی نہیں آسکی، محکمہ موسمیات نے آج لاہور کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

ادھر جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں پارہ 48 ڈگری کو چھونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ملتان سمیت دیگر شہروں میں سورج کا پارہ 48 ڈگری سینٹی تک جانے کا امکان ہے، بہاولپور 48 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رحیم یار خان کے نواحی علاقوں میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے کا امکان ہے۔ شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔

دوسری جانب گرمی کی شدت میں بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، لسیکو کی بجلی کی طلب بڑھ کر 4600 میگاواٹ ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھ کر چار سو میگاواٹ ہو گیا۔ بجلی کی رسد 4200 میگاواٹ کے لگ بھگ ہے۔

ترجمان لسیکو کے مطابق شہر اور دیہات میں ایک سے 4 گھنٹے تک لوڈشیدنگ شیڈول جاری کیا گیا، گرمی سے طلب بڑھی تو دورانیہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، نہ دن کو چین اور نہ ہی رات کو آرام ہے۔

شہری بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ سے مایوس نظر آتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ تمام تر دعوؤں کے باوجود نہ تو لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوا اور نہ ہی بجلی کے شارٹ فال پر قابو پایا جا سکا۔

کراچی میں موسم آج بھی شدید گرم ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، اندرون سندھ بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہر میں کہیں 6 تو کہیں 9 گھنٹے کی بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہوگئے۔ قائد آباد ، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں لوڈشیڈنگ جاری ہے، گلستان جوہر، گلشن اقبال، عزیزآباد اور لیاقت آباد کے علاقے بھی متاثرہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، سبی ، جیکب آباد ، نواب شاہ سمیت بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سورج کا پارہ ہائی ہے۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے سے شہری بے حال ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی اسلام آباد اور ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کاامکان ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت 7 سے 8 ڈگری معمول سے زیادہ رہے گا۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گراد آلود ہوائیں چلنے کابھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اس لئے شہری محتاط رہیں۔ شہریوں سے باہر نکلتے وقت سروں کو ڈھانپنے اور زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شمالی علاقوں، کشمیر ،خیبر پختونخوا کے بالائی اور پنجاب کے وسطی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیشگوئی کی ہے۔