لاہور (92 نیوز) - ملک میں سخت گرمی کے ساتھ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی۔ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے عوام کو جینا دو بھر ہو گیا۔
لاہور میں آٹھ سے دس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بارہ گھنٹے تک بتی گل رہنے لگی۔ ٹیوب ویل بند رہنے سے فصلیں پانی کی کمی کا شکار ہو گئیں۔ لیسکو کو اس وقت 800 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لاہور کے علاقے یتیم خانہ ، اسکیم موڑ، اقبال ٹاون، سمن آباد، چوبرجی اور شاہدرہ سمیت علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ قصور میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے جس سے گھروں میں پانی غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔ پھالیہ، نارروال، شکرگڑھ، شیخوپورہ اور فاروق آباد میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشانی سے دوچار ہیں۔
ادھر سندھ میں صورتحال زیادہ خراب ہے۔ گرمی کے ستائے عوام لوڈشیڈنگ پر دہائیاں دینے لگے۔ ملک میں شارٹ فارل چھ ہزار سے بڑھ گیا۔ ٹنڈوالہیار ہو یا میرپور خاص، ٹنڈوجام ہو یا لاڑکانہ سب ہی اضلاع میں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔