Friday, April 19, 2024

ملک میں شدید گرمی کی لہر برقرار، موسم گرم اور خشک رہے گا

ملک میں شدید گرمی کی لہر برقرار، موسم گرم اور خشک رہے گا
May 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا۔

ملک بھر میں گرمی کا پارہ ہائی ہو گیا۔ سورج کے غضب سے شہری بلبلا اٹھے ۔ متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید گرمی پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ  روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت  جیکب آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان  میں درجہ حرارت 47 جبکہ  سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ  چند روز تک گرمی کی لہر کے باعث دن کے وقت درجہ حرارت  8 سے 9 ڈگری  معمول سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ بیشتر علاقوں میں موسم  گرم رہے گا۔ موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین  نے  گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ جنگلات کی کٹائی اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں   کی کمی کو قرار دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گرم موسم میں شہریوں کو باہر نکلتے وقت  احتیاطی تدابیر اپنا نے کی ہدایت کی ہے جن میں  سر کو ڈھانپنا او پانی کی بوتل ساتھ رکھنا  شامل ہے۔

دوسری جانب  گرم موسم اور  بارشیں نہ ہونے سے ڈیموں میں پانی کی سطح انتہائی کم  رہ گئی ہے جس سے نہ صرف توانائی کا بحران پیدا ہوگیا ہے بلکہ  شہریوں کو پانی قلت کا بھی سامنا ہے۔