Wednesday, April 24, 2024

ملک میں مہنگائی کی شرح تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، فواد چودھری

ملک میں مہنگائی کی شرح تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، فواد چودھری
May 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - فواد چودھری کا کہنا ہے ملک میں مہنگائی کی شرح تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

مہنگائی کی صورتحال پر سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے لکھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح تین سالوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، یوٹیلٹی اسٹور عملی طور پر بند ہیں۔ سعودی عرب اور ابو ظہبی سے پیسوں کی امید پوری نہیں ہوئی۔ ابھی تک ایندھن کی قیمتوں پر حکومتی پالیسی واضع نہیں۔ معیشت عملی طور پر بغیر ڈرائیور کے چل رہی ہے۔ عارضی حکومت صرف دن گزار رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے جوابی ردعمل میں بھی ٹوئٹر کا سہارا لیا، لکھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہونے کی وجہ عمران خان کی نالائقی، نااہلی اور لوٹ مار ہے۔ عمران صاحب کے دور میں آٹا، چینی، گھی دوائی کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پہ رہی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے چار سال سے ستائی عوام کو 2 ہفتے میں مہنگائی سے ریلیف دیا۔ آج برادر ممالک سعودی عرب اور یو اے ای سے ملکی ترقی کے لئے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر بھی پیچھے نہ رہے اور ٹوئٹ کیا کہ پچھلے دو ماہ کے سیاسی عدم استحکام سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 ارب ڈالر یعنی 35٪ کی کمی واقع ہوئی۔ اسحاق ڈار کے مطابق اس حکومت کا شرح سود کا فیصلہ قوم پر دن دھاڑے ڈاکہ ہے، سوائے جعلی مقدموں اور جعلی وڈیوز کی دھمکی کے حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔