Friday, April 19, 2024

ملک میں کورونا کی شرح چار فیصد کے قریب پہنچ گئی

ملک میں کورونا کی شرح چار فیصد کے قریب پہنچ گئی
July 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں کورونا کی شرح چار فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 694 کیسز رپورٹ ہوئے۔

قومی ادارہ صحت کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 17 ہزار 640 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 694 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ 101 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

این آئی ایچ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا  کے مثبت کیسز کی شرح 3.93 فیصد ہو گئی۔ سب زیادہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 19.76 فیصد ریکارڈ کی گئی، نوشہرہ میں شرح 7.69 ،ایبٹ آباد میں 4.88 ،لاہور 4.18 اور میرپور میں 4.17 فیصد رہی۔

قومی ادارہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ مردان میں کورونا کی شرح 3.85 فیصد، کوئٹہ 2.90 ، فیصل آباد 2.72، اسلام آباد2.57، پشاور 2.43، سوات 2.04، جہلم 1.96 اور راولپنڈی میں کورونا کی شرح 1.08 ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں  کورونا وباء سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز جاری کر دئیے گئے۔ جاری سرکلر کے مطابق مسجد میں ایس او پیز کے تحت فاصلے سے نماز کی ادائیگی اور  دوران ڈرائیونگ ماسک اور سینیٹائرز کا استعمال یقینی  بنایا جائے۔ ہائیکورٹ میں تعینات عملہ بھی کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک اور گلووز کا استعمال کرے۔

وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا اپنے  پیغام میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے پچاو کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ۔ این  سی او سی میں روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے۔ وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور عیدالاضحی کے دوران ماسک کا استعمال کریں۔