Sunday, September 8, 2024

ملک میں کورونا پھر شدت اختیار کرنے لگا، 6 ہزار 808 نئے کیس سامنے آ گئے

ملک میں کورونا پھر شدت اختیار کرنے لگا، 6 ہزار 808 نئے کیس سامنے آ گئے
January 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا وائرس پھر شدت اختیار کرنے لگا۔ 6 ہزار 808 نئے کیس سامنے آ گئے۔

مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 11 فیصد سے بڑھ گئی۔ وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 918 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں 58 ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے۔ دس فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر پابندی لگا دی گئی۔ ریسٹورنٹس میں ویکسی نیٹڈ افراد ہی جا سکیں گے۔ اسکولوں میں بارہ سال سے کم عمر بچوں کیلئے پچاس فیصد حاضری کی پابندی عائد کر دی گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں ستر فیصد، ٹرین میں اسی فیصد مسافر ہوں گے۔ مزارات اور پارکس پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ کھلیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعلامیے کے مطابق 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300 افراد شرکت کر سکیں گے۔ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں آوٹ ڈور 500 افراد شرکت کر سکتے ہیں۔ مکمل ویکسی نیٹڈ افراد ہی انڈور تقریبات میں شرکت کر سکیں گے۔ این سی او سی کی جانب سے 20 سے 31 جنوری تک اہم بندشوں کا نفاز کیا گیا۔ این پی آئیز کے حوالے سے جائزہ اجلاس 27 جنوری کو دوبارہ ہو گا۔ شادی ہالز کے حوالے سے این پی آئیز کا اطلاق 15 فروری تک نافذ رہے گا۔ تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزارات اور پارکس پچاس فیصد گنجائش کیساتھ کھلیں گے۔