Sunday, September 8, 2024

ملک میں کورونا کے وار تیز، مزید 5 ہزار 472 افراد وائرس کا شکار

ملک میں کورونا کے وار تیز، مزید 5 ہزار 472 افراد وائرس کا شکار
January 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا کے وار تیز ہو گئے۔ مزید 5 ہزار 472 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔

 کورونا وائرس اور اس کی نئی قسم اومیکرون ایک بار پھر پاکستانیوں کو تیزی سے جکڑنے لگی۔ کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح ساڑھے 9 فیصد تک پہنچ گئی۔ وائرس مزید 8 افراد کی زندگیاں بھی نگل گیا۔ ملک میں 908 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 57 ہزار 669 ٹیسٹ کیے گئے۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کورونا کی شرح 21 فیصد تک پہنچ گئی۔ لاہور میں 15 اعشاریہ 2 فیصد، حیدر آباد 14 فیصد، اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 11.8 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول خیابان سرسید اور گورنمنٹ ہائی اسکول ڈھیری حسن آباد میں دو طلبہ کورونا کا شکار ہو گئے جس کے بعد دونوں اسکولوں کو سیل کر دیا گیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے جس کے بعد ان کی صدارت میں ہونے والا اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

فلم اور ٹی وی کی نامور اداکارہ اور گلوکارہ حرا مانی بھی کورونا میں مبتلا ہو گئی ہیں جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پر دی۔ ساتھ ہی مداحوں کو ماسک کے استعمال کی بھی اپیل کر دی۔

ادھر امریکا سے لائی جانے والی 3 ہزار سے زائد گائیں بھی کورونا وائرس سے متاثر نکلی ہیں جس کے بعد انہیں کراچی کے قریب قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔