Sunday, September 8, 2024

ملک کی معیشت اوپر اٹھ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان

ملک کی معیشت اوپر اٹھ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان
January 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک کی معیشت اوپر اٹھ رہی ہے۔ ہاؤسنگ انڈسٹری اکانومی کو اٹھا دیتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پی ایچ اے آفیسرز ریذیڈنشیا کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا ہاؤسنگ کے ساتھ تیس انڈسٹریز منسلک ہیں۔ ہاؤسنگ میں گزشتہ دو سال میں بوم آئی۔ پاکستان میں پہلی بار بینکوں نے چند ماہ میں ایک سو چوبیس ارب کے قرض منظور کیے۔ پہلے بینک گھر بنانے کے لیے قرضے نہیں دیتے تھے۔ بینک کو پیسوں کی واپسی کی سکیورٹی نہیں تھی۔

 انہوں نے کہا کورونا کے باوجود ہماری معیشت تیزی سے آگے بڑھی۔ بلوم برگ کے مطابق پاکستان کی معیشت درست راستے پر ہے۔ بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ ٹیکس کلیکشن اور ایکسپورٹ ریکارڈ ہوئی۔ کسانوں کو بھی قیمت اچھی مل رہی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقہ مشکل میں ہے لیکن ہمارے حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ عوام کم پیسے سے گھر بنانے والوں کو سبسڈی دے رہی ہے۔ گھر کے کرائے کی بجائے بینکوں کو قرضوں کی قسط دی جائے۔ ہم نے بینکوں کے ساتھ مل کر آسانی پیدا کر دی ہے۔ اس سال 88 ہزار یونٹس بن رہے ہیں۔ کئی منصوبے 2022 میں مکمل ہو رہے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو اپنا گھر بنانے کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان بولے عالمی بینک نے کنفرم کیا کہ پاکستان کی گروتھ ریٹ 5.30 فیصد ہے۔ 1400ارب روپیہ اضافی دیہات میں گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائیں۔ ہماری ٹیکس کلیکشن بھی ریکارڈ ہے۔ پاکستان میں گھروں کی قلت ہے۔ آپ کے پاس پیسے نہیں تو گھر بنانے کے لیے بینکوں سے قرض لے سکتے ہیں۔