Thursday, April 25, 2024

ملک کا درد رکھنے والا لندن دوا لینے گیا تھا، اب واپس کیوں نہیں آرہا، مراد سعید

ملک کا درد رکھنے والا لندن دوا لینے گیا تھا، اب واپس کیوں نہیں آرہا، مراد سعید
February 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے ملک کا درد رکھنے والا لندن دوا لینے گیا تھا، اب واپس کیوں نہیں آرہا۔

ایوان بالا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر مواصلات مراد سعید نے حسب معمول اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم کی پالیسیوں کو نشانے پر لیا ۔ وزیر مواصلات نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے دور میں ترقیاتی کاموں کا موازنہ بھی کر ڈالا۔ وفاقی وزیر کا تقریر کرنا تھا کہ اپوزیشن بھی بھڑک اٹھی ۔ انہوں نے ایوان میں شور مچایا اور اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

اپوزیشن ارکان کی غیر موجودگی میں اجلاس کی کاروائی کے دوران حکومتی وزرا نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان بولے پارلیمانی نظام کے ثمرات نہیں مل رہے تو صدارتی نظام کا سوچ لیں۔

قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم، فیصل جاوید خان نے اپوزیشن کو کھری کھرے سنا گئے۔

اپوزیشن نے ایوان کے باہر میڈیا سے مشترکہ گفتگو میں حکومتی رویے کو افسوسناک اور غیر سنجیدہ قرار دیا۔ ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں متعلقہ وزرا سوالات کے جوابات دینے کے لیے نہیں آتے۔ گزشتہ ایک سال سے یہ کھیل ایوان میں جاری ہے۔ صرف ایک وزیر نے ایوان چلانا ہے تو غیر مناسب ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ حکومت نے معزز ایوان کی توہین کی ہے۔

کچھ حکومتی اراکین نے بھی وزرا کو زیادہ وقت دینے پر ڈپٹی چیئرمین سے سے نالاں ہو کر واک آؤٹ کر دیا جس کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا۔