ملتان (92 نیوز) - پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، ادھر کیسز ختم کروائے جارہے ہیں۔
ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیب کا قانون ہی تبدیل کر دیا، یہ حکومت مہنگائی ختم کرنے آئی تھی کہ اپنے کیس ختم کروانے؟ حکومت کا ایجنڈا نیب کو دفن کرنا تھا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے فوری رزلٹ مل جاتے، لیکن حکومت یہ نہیں چاہتی تھی۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہم مخالفین کا سیاسی و قانونی مقابلہ کریں گے، ہم سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ ہمیں اسمبلیوں کی مدت کا علم نہیں ہے۔ سیاسی جماعتیں سیاسی پراسس کا حصہ رہتی ہیں، دوستوں کی مشاورت سے زین قریشی کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے زین قریشی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ حکومت وقت ہمارے خلاف ہے، مشکل حالات میں ہم نے اپنے آپ کو آزمائش کے لئے پیش کیا ہے۔ میدان میں اترے بغیر فرسودہ نظام کو ایکسپوز کئے بغیر اصلاح نہیں ہو سکتی۔ 70 کے بعد تمام انتخابات پر سوالیہ نشان اٹھائے گئے۔ ہم الیکشن چاہتے ہیں، جو جیتے گا وہ حکومت میں آجائے گا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف سے بجلی اور پٹرول کا ریٹ بڑھانے کا معاہدہ کر کے آئے ہیں، وزیر خزانہ کہہ رہے ہیں ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، ہمارے چوتھے سال میں 6 فیصد گروتھ ہوئی، ہمارے دور میں زراعت 4.4 فیصد گروتھ تھی۔ ہمارے دور میں ڈالر کہاں تھا؟ اب کہاں ہے؟ سٹاک ایکسچینج 6 ہزار پوائنٹ گر چکی ہے، یہ آئی ایم ایف سے بجلی اور پٹرول کا ریٹ بڑھانے کا معاہدہ کر کے آئے ہیں۔