Saturday, July 27, 2024

ملک بھر میں یومیہ ایک ارب 61 کروڑ، ماہانہ 49 ارب 9 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہونیکا انکشاف

ملک بھر میں یومیہ ایک ارب 61 کروڑ، ماہانہ 49 ارب 9 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہونیکا انکشاف
September 7, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں یومیہ ایک ارب 61 کروڑ اور ماہانہ 49 ارب 9 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک اور شانگلہ میں 100 فیصد صارفین کنڈا ڈال کر قومی خزانہ کو چونا لگا رہے ہیں۔افسوناک انکشافات سامنے آنے پر بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاوٴن شروع کر دیا گیا۔

وزارت توانائی اور متعلقہ محکوں کی غفلت ۔۔ افسران کی ملی بھگت ۔۔۔ ملک میں ماہانہ اربوں روپے کی بجلی چوری ہونے لگی۔

دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں ماہانہ 49 ارب 9 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ ایک سال کے دوران ڈسکوز نے 116 ارب 50 کروڑ یونٹس خریدے، 97 ارب 34 کروڑ یونٹس صارفین کو فروخت کئے اور 19 ارب 17 کروڑ یونٹس چوری، کنڈے اور تکنیکی نقصانات کی نذر ہو گئے۔ اس دھندے میں پشاور الیکٹرک سپلائی سرفہرست ہے۔ پیسکو میں 77 ارب روپے کے 5ارب 70کروڑ یونٹس چوری ہو گئے۔

خیبرپختونخوا کے چاروں اضلاع میں ایک سال سے کنڈے چل رہے ہیں۔

حیدرآباد میں بل جمع کرانے کی شرح 5 سے 6 فیصد اور ٹنڈو اللہ یار میں 9 فیصد تک کم ہو گئی۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی کنڈا کلچر بڑھ گیا۔ دستاویزات میں بتایا گیا کہ ٹنڈو محمد خان میں 15 فیصد ،شہید بے نظیر آباد 21 فیصد۔ لاڑکانہ 60 فیصد اور سکھر میں 40 فیصد صارفین کنڈے ڈالتے ہیں۔ پشین، سبی، مکران، خضدار اور لورالائی میں 90 فیصد کنڈا کلچر ہے۔

دوسری جانب سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاوٴن کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ یہ آسان نہیں ہے لیکن ناکامی کوئی آپشن نہیں ہے، اعلیٰ یا طاقتور،مقدس یا غیر مقدس۔ فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کر دی کہ کسی کو بھی نہ بخشا جائے۔