Saturday, April 20, 2024

ملک بھر میں عید الفطر آج جوش و خروش سے منائی جارہی ہے

ملک بھر میں عید الفطر آج جوش و خروش سے منائی جارہی ہے
May 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں نماز عید کا بڑا اجتماع فیصل مسجد جبکہ راولپنڈی میں مدرسہ تعلیم القرآن میں ہوا۔ نماز عید کے بعد امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔ جہاں صدر مملکت عارف علوی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سمیت نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب جاتی امرا میں نماز عید پڑھی۔ صبح سويرے شہر کا موسم خوشگوار رہا۔

چئیرمین عمران خان نے عیدالفطر کی نماز اپنی رہائش گاہ بنی گالہ پر ادا کی اور لوگوں سے عید بھی ملے۔ راولپنڈی میں رات ہونے والی بارش کے باعث کھلے مقامات سے نماز عید کے اجتماعات مساجد منتقل کردئیے۔ راولپنڈی لیاقت باغ میں نماز عید کا اجتماع مدرسہ تعلیم القرآن منتقل کردیا گیا جہاں شہروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز عید کے بعد امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ عید کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملتے اور عید کی مبارک باد دیتے رہے جبکہ بچے بھی نماز عید میں اپنے والدین کے ساتھ پرجوش نظر آئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر میں ڈیڑھ سو سے زائد مقامات ہر نماز عید ادا کر دی گئی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے نماز عید مرکزی عید گاہ میں ادا کی اور بعد میں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔

ضلع اٹک کی 343 مساجد اور 13 کھلے مقامات پر عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔

میرپور آزاد کشمیر میں 100 کے قریب مساجد اور کھلے میدانوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی جبکہ اسکردو میں سب سے بڑا اجتماع مرکزی امامیہ عید گاہ سندوس میں ہوا۔