Thursday, March 28, 2024

ملک بھر میں جمعتہ الوداع کے موقع پر روح پرور اجتماعات، سکیورٹی کے سخت انتطامات

ملک بھر میں جمعتہ الوداع کے موقع پر روح پرور اجتماعات، سکیورٹی کے سخت انتطامات
April 29, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ملک بھر میں جمعتہ الوداع کے موقع پر روح پرور اجتماعات ہوئے، مساجد اور حساس مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

جمعتہ الوداع کے موقع پر کراچی میں چھوٹی بڑی مساجد اور کھلے مقامات پر نمازوں کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ جس میں امت مسلمہ کی سربلندی اور وطن عزیز کی سالمیت واستحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گیئں۔

قبلہ اول بیت االمقدس کی آزادی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف کراچی میں بھی یوم القدس منایا گیا اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

لاہور داتا دربار مسجد میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے جمعتہ الوداع کے اجتماع میں شرکت کی۔ اہل ایمان نے رب کریم کے حضور سر بسجود ہو کر رحمتوں اور برکتوں کی دعائیں مانگیں۔

ادھر کوئٹہ میں جمعتہ الوداع کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے سخت انتطامات کیے گئے، شہر میں پولیس کے دو ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے، حساس مقامات، بازاروں میں پولیس تعینات رہی اور پٹرولنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سخت چیکننگ کی گئی، شہر کے پانچ مقامات پر کوئیک ریسپانس فورس تعینات ہے۔ جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں نمازیوں کو واک تھرو گیسٹس سے داخلے کی اجازت دی گئی۔