Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں بجلی کا بحران برقرار، سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ جاری

ملک بھر میں بجلی کا بحران برقرار، سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ جاری
April 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں بجلی کا بحران برقرار ہے۔ سخت گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ رک سکی۔

ایک طرف گرمی کی شدت میں اضافہ تو دوسری طرف بجلی  کے بھی نخرے جاری ہیں۔ عوام  روزے کی حالت میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے سخت پریشان ہیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق  بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 7 سو اکیس میگاواٹ ہوچکا ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی طلب  25 ہزار 8 سو 22 میگاواٹ جبکہ پیدوار صرف 18 ہزار  ایک سو ایک میگاواٹ ہے ۔ پیداوار متاثر ہونے کی وجہ بجلی گھروں کو ایندھن  کی سپلائی بحال نہ ہونے کو  قرار دیا جارہا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی ذرائع سے 3 ہزار دو سو 16، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 10 ہزار 30 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ دوسری طرف سرکاری تھرمل پاور پلانٹس صرف 7 سو 93 میگاواٹ بجلی ہی پیدا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے متعقلہ اداروں کو یکم مئی تک  لوڈشیڈنگ ختم کرنے  کی ہدایت کے باوجود تاحال کوئی  توانائی بحران پر قابو نہ پایا جا سکا۔ اسلام آباد سمیت  بڑے شہروں  میں 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔