Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں بدترین گرمی، کئی شہروں کا پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا

ملک بھر میں بدترین گرمی، کئی شہروں کا پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا
May 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ملک کے میدانی علاقوں میں بدترین گرمی کا راج ہے، کئی شہروں کا پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا، جیکب آباد اور سبی میں پارے نے ففٹی بھی کراس کرلی، محکمہ موسمیات نے 18 مئی سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی۔

آگ برساتا سورج اور لو کے تھپیڑے، ملک کے میدانی علاقے تنور بن گئے، پنجاب اور سندھ میں شہری گرمی سے جھلسنے لگے، سڑکوں پر رش کم ہوگیا، لوگ گھروں تک محدود ہوگئے۔ ملک بھر میں مئی کے دوران گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

لاہور میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تو شہری نڈھال ہوگئے، اسلام آباد اور کراچی میں درجہ حرارت 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے شہر بھکر، بہاولپور اوربہاولنگرمیں پارہ 47 سینٹی گریڈ رہا۔ ڈی جی میٹ صاحبزاد خان کا کہنا ہے 18 مئی سے گرمی مزید بڑھے گی۔

سندھ کے میدانی علاقوں میں بھی سورج سوا نیزے پر آگیا، شہید بے نظیر آباد اور جیکب آباد کا پارہ 51 ڈگری تک پہنچ گیا۔ ڈیرہ غازی خان اور موہنجو داڑو میں 50 گری کی گرمی پڑی۔

سبی، دادو، سکرنڈ، خیرپور، لاڑکانہ اور پڈعیدن میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر، خیرپور، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ اور دیگر شہروں میں بھی غضب کی گرمی پڑی۔ سورج کی تپش اتنی بڑھ گئی کہ چند منٹ ایک جگہ کھڑا رہنا بھی محال ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔