Thursday, April 25, 2024

متنازعہ ٹویٹ، اعظم سواتی کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

متنازعہ ٹویٹ، اعظم سواتی کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
October 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - متنازعہ ٹویٹ پر سینیٹر اعظم سواتی کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

اعظم سواتی کیس کی سماعت ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر نے کی۔ پراسیکیوشن کے وکیل کی جانب سے اعظم سواتی کا ٹویٹ پڑھ کر سنایا گیا۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ایک سیاسی شخصیت ہے جس کے لاکھوں فالورز ہیں۔ ملزم نے اپنے ویری فائی اکاؤنٹ سے ٹویٹس کی۔ مسلح افواج کے سربراہ کا نام لے کر ٹویٹ کی گئی۔ تفتیش کے لئے تحقیقاتی افسر کو مزید وقت دیا جائے۔

اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی کو پولیس کی تحویل میں نہ بھیجا جائے۔ میرے موکل کو تیسری بار عدالت لایا جا رہا ہے۔ قانون میں ہے کہ کیسے تفتیش شروع کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ روز میرے موکل کے گھر بغیر اجازت نامہ تلاشی لی گئی اور اہلکار داخل ہوئے۔

بابر اعوان نے مزید دلائل دئیے کہ میرا موکل قسم کھا رہے ہیں کہ کپڑے اتار کر تشدد کیا گیا ۔ جس کو بے لباس کر کے ویڈیوز بنائیں اس کو کیا آزاد تفتیش کہا جا سکتا ہے؟؟؟ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی دوران تفتیش ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ بتایا جائے کہ کس نے اعظم سواتی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا ہمارے پاس میڈیکل رپورٹ موجود ہے۔ سیاسی بحث میں نہیں پڑنا چاہتے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اعظم سواتی کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور حکم دیا کہ ملزم کوکل دوبارہ پیش کیا جائے۔