Monday, May 6, 2024

متنازع ٹویٹ کیس، سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر وفاق کو نوٹس

متنازع ٹویٹ کیس، سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر وفاق کو نوٹس
December 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے متنازع ٹویٹ کیس میں سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ پیر تک فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کی۔ اعظم سواتی کی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

بابر اعوان نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ مبینہ ٹوئٹس پوسٹ نہیں کیں۔ اعظم سواتی کا کسی ادارے کو بدنام کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کے پاس اعظم سواتی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ درخواست گزار کی عمر 75 سال اور عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔ تمام کیس دستاویزی الزامات پر مبنی ہے، جیل میں رکھنا ٹرائل سے قبل سزا کے مترادف ہو گا۔

عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ پیر تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ متنازعہ ٹوئٹس پر ایف آئی اے نے اعظم سواتی کے خلاف 26 نومبر 2022 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے آڈیو لیک پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ 1992ء کے بعد پہلی بار کمرشل بینکوں میں لوگوں کے اکاؤنٹس سے ڈالرز نکالے گئے ہیں۔